احمق کا اِنکار
موسیقی کے پیشوا کے لیے۔ داؤد کا مزمور۔
14 1 احمق اپنے دل میں کہتا ہے، ”کوئی خُدا نہیں۔“ وہ بگڑ گئے ہیں، اُن کے کام گھناؤنے ہیں؛ کوئی نیکوکار نہیں۔
2 ہمارا باپ آسمان سے نگاہ کرتا ہے بنی آدم پر، تاکہ دیکھے کہ کوئی سمجھدار ہے، جو اُس کا طالب ہو۔ 3 وہ سب گمراہ ہو گئے ہیں؛ مل کر بگڑ گئے ہیں؛ کوئی نیکوکار نہیں، ایک بھی نہیں۔
4 کیا یہ سب بدکار کچھ نہیں جانتے، جو میرے لوگوں کو یوں کھا جاتے ہیں جیسے روٹی کھاتے ہیں، اور کبھی ہمارے باپ کو نہیں پکارتے؟ 5 وہاں وہ دہشت سے مغلوب ہو گئے، کیونکہ ہمارا باپ راستبازوں کی نسل کے ساتھ ہے۔ 6 اے بدکارو، تم غریب کے منصوبوں کو ناکام کرنا چاہتے ہو، لیکن ہمارا باپ اُس کی پناہ ہے۔
7 کاش کہ اسرائیل کی نجات صیون سے نکلے! جب ہمارا باپ اپنے لوگوں کی خوشحالی بحال کرے گا، تو یعقوب شادمان ہو، اسرائیل خوش ہو۔