اشد ضرورت کی فریاد
موسیقی کے سردار کے لیے۔ داؤد کا۔ یادگاری کے لیے۔
70 1 اے میرے باپ، مجھے چھڑانے کو جلدی کر! اے میرے باپ، میری مدد کو جلدی آ! 2 جو میری جان لینا چاہتے ہیں وہ شرمندہ اور رُسوا ہوں؛ جو میرے نقصان سے خوش ہوتے ہیں وہ پیچھے ہٹائے جائیں اور ذلیل کیے جائیں۔ 3 جو کہتے ہیں، ”آہا! آہا!“ وہ اپنی شرمندگی کے سبب پیچھے لوٹ جائیں۔
4 لیکن وہ سب جو تجھے ڈھونڈتے ہیں تجھ میں خوش اور شادمان ہوں؛ جو تیری نجات سے محبت رکھتے ہیں وہ ہمیشہ کہیں، ”ہمارا باپ بزرگ ہے!“ 5 لیکن میں غریب اور محتاج ہوں؛ اے میرے باپ، میرے پاس جلدی آ! تُو میرا مددگار اور میرا چھڑانے والا ہے؛ اے میرے باپ، دیر نہ کر۔