بادشاہ مردکی کی عزت افزائی کرتا ہے
6 1اُس رات بادشاہ کو نیند نہ آئی؛ اُس نے حکم دیا کہ یادداشت کی کتاب یعنی تواریخ لائی جائے اور اُس کے سامنے پڑھی جائے۔ 2لکھا ہوا ملا کہ مردکی نے بِگتانا اور تَرِش کے بارے میں اطلاع دی تھی، جو بادشاہ کے دو خواجہ سرا تھے اور دہلیز کی نگہبانی کرتے تھے، اور جنہوں نے اخسویرس بادشاہ کو قتل کرنے کی سازش کی تھی۔ 3بادشاہ نے پوچھا، ”اِس کے لیے مردکی کو کیا عزت اور بزرگی دی گئی؟“ اُس کے خادموں نے جواب دیا، ”اُس کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔“
4بادشاہ نے پوچھا، ”صحن میں کون ہے؟“ ہامان محل کے بیرونی صحن میں داخل ہوا تھا تاکہ بادشاہ سے کہے کہ مردکی کو اُس سولی پر لٹکایا جائے جو اُس نے تیار کی تھی۔
5بادشاہ کے خادموں نے اُس سے کہا، ”ہامان صحن میں کھڑا ہے۔“ بادشاہ نے کہا، ”اُسے اندر لے آؤ۔“
6ہامان اندر آیا۔ بادشاہ نے پوچھا، ”جس شخص کی عزت افزائی بادشاہ چاہتا ہو، اُس کے لیے کیا کِیا جائے؟“ ہامان نے دل میں سوچا، ”بادشاہ مجھ سے بڑھ کر کس کی عزت افزائی چاہے گا؟“
7چنانچہ ہامان نے بادشاہ سے کہا، ”جس شخص کی عزت افزائی بادشاہ چاہتا ہو، 8اُس کے لیے شاہی لباس لایا جائے جو بادشاہ نے پہنا ہو، اور ایک گھوڑا جس پر بادشاہ سوار ہوا ہو، اور اُس کے سر کے لیے شاہی تاج۔ 9یہ لباس اور گھوڑا بادشاہ کے کسی معزز امیر کو دیا جائے۔ پھر اُس شخص کو، جس کی عزت افزائی بادشاہ چاہتا ہے، یہ لباس پہنایا جائے، اور اُسے گھوڑے پر سوار کر کے شہر کے چوک میں پھرایا جائے، اور اُس کے آگے یہ منادی کی جائے، ’یہ اُس شخص کے ساتھ کیا جاتا ہے جس کی عزت افزائی بادشاہ چاہتا ہے!‘“
10بادشاہ نے ہامان سے کہا، ”جلدی کر، جیسا تُو نے کہا ہے ویسے ہی لباس اور گھوڑا لے، اور یہودی مردکی کے ساتھ جو بادشاہ کے دروازے پر بیٹھا ہے ایسا ہی کر۔ جو کچھ تُو نے کہا اُس میں سے کچھ باقی نہ چھوڑنا۔“
11پس ہامان نے لباس اور گھوڑا لیا، مردکی کو لباس پہنایا، اور اُسے گھوڑے پر سوار کر کے شہر کے چوک میں پھرایا، اور اُس کے آگے یہ پکارتا رہا، ”یہ اُس شخص کے ساتھ کیا جاتا ہے جس کی عزت افزائی بادشاہ چاہتا ہے۔“
12اِس کے بعد مردکی بادشاہ کے دروازے پر واپس آ گیا، لیکن ہامان غم زدہ اور سر ڈھانپے ہوئے جلدی سے اپنے گھر کی طرف چلا گیا۔ 13ہامان نے اپنی بیوی زَرِش اور اپنے سب دوستوں کو سب کچھ جو ہوا تھا کہہ سنایا۔ اُس کے مشیروں اور اُس کی بیوی زَرِش نے کہا، ”چونکہ مردکی، جس کے سامنے تُو گِرنے لگا ہے، یہودی ہے، اِس لیے تُو اُس پر غالب نہیں آ سکے گا—تُو ضرور اُس کے سامنے گِر جائے گا۔“ 14وہ ابھی اُس سے باتیں کر ہی رہے تھے کہ بادشاہ کے خواجہ سرا آ پہنچے اور ہامان کو جلدی سے اُس ضیافت میں لے گئے جو آستر نے تیار کی تھی۔